ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / ارنب گوسوامی کوصحافت کا آئینہ دکھانے کا معاملہ: اب اسپائس جیٹ نے بھی کامرا کے سفر پر پابندی لگا دی

ارنب گوسوامی کوصحافت کا آئینہ دکھانے کا معاملہ: اب اسپائس جیٹ نے بھی کامرا کے سفر پر پابندی لگا دی

Wed, 29 Jan 2020 20:11:04    S.O. News Service

نئی دہلی،29جنوری(آئی این ایس انڈیا)انڈگو اور ایئرانڈیاکے بعدا سپائس جیٹ نے بھی بدھ کو اسٹینڈاپ کامیڈین کنال کامرا پر اپنے طیاروں میں سفر کرنے پر روک لگا دی۔کامرا نے منگل کو انڈگو کی ممبئی-لکھنؤ پرواز میں صحافی ارنب گوسوامی کو صحافت اورسچائی کاآئینہ دکھایا تھا۔کامرا کے خلاف کارروائی کرنے والی اسپائس جیٹ تیسری ایئرلائن ہے۔انڈگو نے جہاں کامرا پر 6 ماہ کی پابندی لگا دی ہے، وہیں ایئرانڈیانے اگلے نوٹس تک ان کی پرواز پر روک لگا دی ہے۔

خیال رہے کہ  ہوابازی کے وزیر ہردیپ سنگھ پوری نے واقعہ پر نوٹس لیتے ہوئے ہندوستان کی دیگر ایئرلانس کو کامرا پر اسی طرح کی پابندی لگانے کا حکم دیا تھا۔انہوں نے کہا کہ قابل اعتراض رویے کو اکساتے ہوئے  ہوائی جہاز کے اندر افراتفری پیدا کرنا ناقابل قبول ہے اور ہوائی سفر کرنے والے لوگوں کی زندگیوں کو خطرے میں ڈالنے والا ہے۔

اسپائس جیٹ نے بدھ کی صبح ٹویٹ کیا کہ اسپائس جیٹ نے اگلے حکم تک اپنے طیاروں میں کنال کامرا کے دورے پر روک لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔ایریشیا انڈیا کے ایک افسر نے کہا کہ ایئرلائن شہری ہوا بازی ڈائریکٹوریٹ جنرل (ڈی جی سی اے) سے رسمی نوٹس جاری ہونے کا انتظار کر رہی ہے اور اس کے بعد وہ کامرا کے خلاف کارروائی کرے گی۔

کامرانے ممبئی سے لکھنؤ جا رہی انڈگو کی ایک پرواز میں منگل کو ریپبلک ٹی وی کے ایڈیٹر کو مبینہ طور پر پریشان کیا تھا۔ جس کی وڈیو کلپ بھی بعد میں سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی تھی۔

 


Share: